لاہور ہائیکورٹ: حمزہ شہباز کی رہائشگاہ کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم

Last Updated On 18 September,2018 03:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی رہائشگاہ کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آئی جی پنجاب ، سی سی پی او سے 25 ستمبر کو رپورٹ طلب کر لی۔

جسٹس علی اکبر قریشی نے درخواست پر حکم جاری کیا۔ شہری منیر احمد نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے آئینی درخواست دائر کی، جس میں پنجاب حکومت، ہوم سیکرٹری، ڈی جی ایل ڈی اے ودیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواستگزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ جوڈیشل کالونی میں حمزہ شہباز نے اپنے گھر کے پیچھے گلی میں ناجائز رکاوٹیں کھڑی کی ہوئی ہیں جو آئین کے آرٹیکل 9۔14۔16۔17۔25 اور 4 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں، عدالت حمزہ شہباز کے گھر کے باہر سے رکاوٹیں ختم کرانے کا حکم دے۔