لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو کپتان بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے، فائنل سکواڈ میں فاسٹ باؤلر محمد حسنین کی واپسی کا امکان ہے۔
2023 میں آخری ون ڈے کھیلنے والے حسنین نے چیمپئنز کپ اور پریذیڈنٹ کپ میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔
4 سے 18 نومبر 2024 کے دوران جاری رہنے والی سیریز میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف اس سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت محمد رضوان کے سپرد کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے، تاہم اس کا حتمی فیصلہ چیئرمین اور سلیکٹرز کی مشاورت سے ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر عامر جمال اور نوجوان وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ بھی سلیکشن کمیٹی کی نظروں میں ہیں اور انہیں سکواڈ میں جگہ دی جا سکتی ہے۔