سکھر: (دنیا نیوز) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ چاہتے ہیں پاکستانی معیشت مضبوط ہو اور اس کو مستقبل میں کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سکھر آنے کا مقصد یہ ہے کہ جو امریکی حکومت کے تعاون سے پروجیکٹس چل رہے ہیں ان کا معائنہ کر سکیں، امریکی حکومت نے پاکستانی قوم اور حکومت کی ہمیشہ مدد کی ہے، مستقبل کے بجٹ بارے کچھ نہیں کہہ سکتا البتہ پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ اسی طرح سے تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا اور ہم کوشش کریں گے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو ان مشکل حالات سے نکالنے میں ہم اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں، فلسطین اور اسرائیل کے معاملے پر صدر بائیڈن کا واضع مؤقف آچکا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگرام کامیابی سے مکمل ہوں۔
امریکی سفیر نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کو مستقبل میں کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہ پڑے، پاکستان کی معیشت مضبوط ہو، آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کے درمیان جاری پروگرام کے تحت حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، اس طرح کے حکومتی اقدامات سے فی الحال غیر متوازن صورتحال نظر آرہی ہے، مگر آگے چل کر اس کے انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا ہمارے کچھ منصوبے سندھ میں جاری ہیں، خاص کر صحت اور تعلیم کے شعبے میں، ہمارے منصوبے دنیا بھر میں چل رہے ہیں اور ان کی نگرانی اور احتساب کا ہمارا اپنا نظام موجود ہے، جہاں سے بھی ہمیں کرپشن کی شکایت ملتی ہے وہاں پر لوکل اتھارٹی کے تعاون سے بھرپور کارروائی کرتے ہیں۔