تجارتی شعبہ میں ساڑھے 57 کروڑ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری

Last Updated On 17 September,2018 05:20 pm

اسلام آباد:‌ (دنیا نیوز) گزشتہ 10 برسوں کے دوران ملک میں ہوئی سرمایہ کاری کے اعداد و شمار جاری، مالی سال 2008-09 میں سب سے زیادہ، 2013-14 میں سب سے کم سرمایہ کاری ہوئی۔

گزشتہ 10 برسوں میں ملک میں تجارت کے شعبے میں ساڑھے 57 کروڑ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے اعدادوشمار کے مطابق دیگر شعبوں کے علاوہ تجارت کا شعبہ بھی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ہے۔ مالی سال 2008-09 میں پاکستان میں تجارت کے شعبے میں 166.6 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

مالی سال 2009-10، 2010-11، 2011-12 اور2012-13 میں پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے ضمن میں بالترتیب 117، 53، 25.3 اور5.7 ملین ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

مالی سال 2013-14، 2014-15 اور 2015-16 کے دوران پاکستان میں تجارت کے شعبے میں مختلف ممالک کی جانب سے بالترتیب 3.2، 50.5، اور 26.8 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح مالی سال 2016-17 اور مالی سال 2017-18 کے دوران برآمدات کے حوالے سے اس اہم شعبے میں بالترتیب 32.7،اور 94.2 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی۔

گزشتہ دس برسوں میں سال 2008-09 میں سب سے زیادہ 166.6 ملین ڈالر جبکہ مالی سال 2013-14 میں سب سے کم 3.2 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی۔