اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) الیکشن کمیشن نے حد سے زیادہ انتخابی اخراجات کرنے پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے دو ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کردئیے ہیں۔
تحریک انصاف کے طالب حسن نکئی نے عام انتخابات میں ایک کروڑ 24لاکھ جبکہ مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر ذوالفقاد بھٹی نے 57 لاکھ روپے کے اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائی ہیں، الیکشن میں قومی اسمبلی کی نشست کے لئے انتخابی اخراجات کی حد 40 لاکھ جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست کے لئے 20لاکھ مقرر ہے۔
زائد اخراجات ثابت ہونے پر ارکان کو جرمانہ ، قید اور نااہلی کی سزا ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این اے طالب حسن نکئی نے این اے 140 قصور 4 سےالیکشن لڑا تھا ۔جس میں انہوں نے تقریباً 124621ووٹ لے کر مدمقابل لیگی امیدوار رانا محمد حیات کو شکست دی تھی۔ لیگی امیدوار 124385 ووٹ حاصل کرسکےتھے۔
جبکہ لیگی ایم این اے ذوالفقار بھٹی این اے 91 سرگودھا 4پر دوبارہ گنتی کے نیتجے میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔دوبارہ گنتی میں انہیں 87 ووٹوں کی برتری حاصل ہوگئی تھی ۔
انہوں نے 110654 ووٹ لے کر پی ٹی آئی امیدوار عامر سلطان چیمہ کو ہرایا۔ عامر سلطان چیمہ 110567ووٹ لے سکے۔