اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آئی ووٹنگ سے متعلق اعدادوشمار جاری کردیے، 15 روز گزرنے کے باوجود انٹرنیٹ ووٹنگ کیلئے صرف ایک فیصد ووٹر رجسٹر ہوسکے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انٹرنیٹ ووٹنگ کیلئے اب تک رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 ہزار 319 ہے جبکہ اس کے لیے بنائے گئے ابتدائی اکاؤنٹس کی تعداد 9 ہزار 965 ہے۔ الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ انٹرنیٹ ووٹنگ رجسٹریشن سے متعلق 364 شکایات موصول ہوئیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ 37 حلقوں کی انتخابی فہرستوں میں تارکین وطن کی تعداد 5 لاکھ 20 ہزار سے زائد ہے۔
خیال رہے کہ انٹرنیٹ ووٹنگ میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے رجسٹریشن کیلئے آخری تاریخ 15 ستمبر مقرر کی تھی جو بڑھا کر اب 17 ستمبر کر دی گئی ہے۔