صدارتی الیکشن: جوڑ توڑ کیلئے بہترین، جہانگیر وطن واپس پہنچ گئے

Last Updated On 27 August,2018 12:41 pm

اسلا م آباد: ( روزنامہ دنیا) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین دورہ لندن مختصر کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔ جوڑ توڑ کے ماہر جہانگیر ترین آزاد سینیٹرز اور ارکان سے رابطے کریں گے۔

پی ٹی آئی کے نامزد صدارتی امید وار عارف علوی نے لندن میں جہانگیر ترین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ اس دوران عارف علوی نے جہانگیر ترین سے صدر کے انتخاب میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی، جس پر جہانگیر ترین نے دورہ لند ن مختصر کر کے واپسی کا فیصلہ کیا۔

یاد رہے نئے صدر مملکت کے انتخاب کا میدان 4 ستمبر کو سجے گا، صدارتی الیکشن میں سینٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان پارلیمنٹ میں ایک ہی جگہ ووٹ ڈالیں گے، چاروں صوبائی اسمبلیاں بھی پولنگ اسٹیشن بنیں گی۔

قومی اسمبلی، سینیٹ اور بلوچستان اسمبلی کے ہر رکن کا ایک ووٹ شمار ہوگا۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ اسمبلی میں کسی امیدوار کو ملنے والے ووٹوں کو بلوچستان اسمبلی کی کل تعداد یعنی 65 سے ضرب دے کر متعلقہ صوبائی اسمبلی کی کل تعداد سے تقسیم کیا جائیگا۔ اس فارمولے کے مطابق تینوں اسمبلیوں کے بھی بلوچستان اسمبلی کے برابر 65 ، 65 ووٹ ہیں۔

صدر کے انتخاب کیلئے ووٹرز کی مجموعی تعداد 636 ہے مگر 614 ووٹ ڈالے جا سکیں گے۔ قومی اسمبلی کی 11، پنجاب اسمبلی کی 13 نشستیں خالی ہیں۔ بلوچستان اور سندھ اسمبلی کی دو دو، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہونا باقی ہے، صرف سینیٹ کے 104 ووٹ پورے ہیں۔