اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کے نام کا اعلان کر دیا، علاؤ الدین مری کو بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ مقرر کر دیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا۔ علاؤالدین مری کا نام حکومت کی جانب سے دیا گیا۔
ملک میں نگران سیٹ اپ کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ وفاق کے بعد چاروں صوبوں میں نگران سیٹ اپ کا اعلان کر دیا گیا۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں وزرائے اعلیٰ کا تقرر حکومتی ناموں سے ہوا جبکہ بلوچستان میں وزیراعلیٰ کا تقرر حکومتی ناموں سے کیا گیا۔
میر علاؤالدین مری سابق بیوروکریٹ غلام محی الدین مری کے صاحبزادے ہیں، وہ 28 فروری 1979 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم تعمیر نو پبلک سکول سے حاصل کی۔ ایف ایس سی بھی تعمیر نو کالج سے جبکہ گریجویشن بلوچستان یونیورسٹی سے حاصل کی۔
میر علاؤالدین بنیادی طور پر بزنس مین ہیں، بزنس میں وسیع تجربہ رکھنے کے باعث 2012 تا 2014 تک چیئرمین پاکستان یورپین بزنس کونسل ایف پی سی سی آئی کے عہدے پر رہے۔ میر علاؤالدین مری کی کسی سیاسی جماعت سے کوئی وابستگی نہیں رہی، بلوچستان میں حالیہ سینٹ انتخابات میں بھی آذاد حیثیت سے کھڑے ہوئے تھے تاہم بعد ازاں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔
بلوچستان میں 1988 سے لیکر 2013 تک 6 نگران وزیراعلی نے اپنی خدمات پیش کیں، بلوچستان کے پہلا نگران وزیرعلی جسٹس (ر) خدابخش مری تھے، انہوں نے 1988 سے 4 فروری 1989 تک فرائض انجام دیئے۔ میر ہمایوں مری 7 اگست 1990 سے نومبر 1990 بلوچستان کے نگران وزیراعلی رہے، میر نصیر مینگل 19 جولائی 1993 سے 20 اکتوبر 1993 تک نگران وزیراعلی رہے۔
میر ظفر اللہ جمالی 9 نومبر 1996 سے 22 فروری 1997 تک نگران وزیراعلی رہے، سردار محمد صالح بھوتانی نے نومبر 2007 سے 8 اپریل 2008 تک نگران وزیراعلی کے فرائض سرانجام دیئے، نواب غوث بخش باروزئی مارچ 2013 سے جون 2013 تک بلوچستان کے آخری وزیراعلی رہے۔