کاروبار میں آسانی کیلئے تجارتی پالیسی تیار کرنے کی ضرورت ہے: وزیراعظم

Published On 10 May,2024 11:18 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروبار میں آسانی اور سہولت پر مشتمل تجارتی پالیسی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت تجارت کے شعبے سے متعلق اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں شرکاء کو بریفنگ دی گئی اور تجارت کے شعبے کے حوالے سے امور پر غور بھی کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں کاروبار میں آسانی اور سہولت پر مشتمل تجارتی پالیسی تیارکرنے کی ضرورت ہے، ملکی برآمدات کو مزید مسابقتی بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ غیر روایتی اشیاء کی برآمدات کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں، تجارت اور کاروباری پالیساں بناتے ہوئے نجی شعبے سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملکی ترقی میں نجی شعبے اور صنعت کا کردار انتہائی اہم ہے، برآمدکنندگان کے مصدقہ ڈیوٹی ڈرابیکس فوری ادا کیے جائیں، ملکی آٹو سیکٹر کی ترقی کے لئے ڈیلیشن پالیسی پر عمل درآمد کرایا جائے۔

وزیراعظم نے اجلاس کے دوران ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کی کارکردگی جانچنے کے لئے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی بھی تاکید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے ٹریڈ افسران کی پزیرائی ہو گی جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والے افسران کی سخت سرزنش اور عہدوں سے ہٹایا جائے گا، برآمدی شعبے کا ہر ماہ میں دو دفعہ خود جائزہ لوں گا۔