غیرمعیاری گندم کی موجودگی پر 42 فلور ملز کو بھاری جرمانے، لائسنس معطل

Published On 09 May,2024 11:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر خوراک بلال یاسین کی ہدایت پر صوبہ بھر میں گندم کے معیار کی جانچ کیلئے چیکنگ کا عمل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک ہزار 160 فلور ملز کی چیکنگ کے دوران غیر معیاری گندم کی موجودگی پر 42 فلور ملز کو بھاری جرمانے کر کے لائسنس معطل کر دیئے گئے۔

لاہور، بہاولپور اور رحیم یار خان کی 20 فلور ملوں کو 10 لاکھ روپے کے جرمانے کئے گئے جبکہ شیخوپورہ، راولپنڈی، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور بھکر کی 20 فلور ملز کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے۔

وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا ہے کہ فلور ملز کے لائسنس ایک ہفتے کیلئے معطل کئے گئے ہیں، قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر فیصل آباد کی 2 فلور ملز کے لائسنس کینسل کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آٹے کی گرائنڈنگ میں غیر معیاری، فنگس زدہ گندم، مڈ بالز اور ناقص اجزاء کے استعمال پر کارروائی کی گئی، قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔